• news

پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے نیا ٹیلی میٹری سسٹم نصب کیا جائیگا‘ صوبوں نے رضامندی ظاہر کر دی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) صوبوں کے درمیان پانی کی منصفانہ تقسیم کے معاملے پر اہم پیش رفت ہو گئی۔ پانی کی تقسیم کے درست اعدادوشمار جاننے کےلئے نیا ٹیلی میٹری سسٹم نصب کیا جائے گا جس کے لئے صوبوں نے رضامندی ظاہر کر دی۔ صوبوں میں پانی کا دیرینہ تنازعے کے حل کے طور پر درست اعدادوشمار جاننے کے لئے سات مختلف مقامات پر نیا ٹیلی میٹری سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹیلی میٹری سسٹم کیلئے عالمی بنک مالی معاونت فراہم کرےگا۔ سسٹم کی تنصیب دو مراحل میں ہو گی، دریائے چناب پر مرالہ اور دریائے سندھ پر چشمہ بیراج کے مقام پر سسٹم نصب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کیرتھر اور پٹ فیڈر کینال میں پانی کی نگرانی نئے ٹیلی میٹری سسٹم سے ہو گی، تونسہ اور گدو بیراج جبکہ سی آر بی کینال سے خیبر پی کے کو ملنے والے پانی کے اعدادو شمار جاننے کیلئے بھی ٹیلی میٹری سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا آج لاہور جائیں گے۔ فیصل واوڈا گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریںگے‘ ملاقات میں پنجاب حکومت کے ساتھ پانی کے معاملات پر بات چیت ہوگی۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا صوبوں میں پانی کے معاملات پر ہم آہنگی کے لئے متحرک ہوگئے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ وزراءاعلیٰ کا اجلاس چار دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
پانی تقسیم
واوڈا

ای پیپر-دی نیشن