تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب انتقال کر گئے نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت
لاہور+رائیونڈ (خصوصی نامہ نگار/خصوصی رپورٹر/نامہ نگار) تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ بعداز نماز مغرب پنڈال اجتماع گاہ سندر روڈ رائیونڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ملک و بیرون ملک سے ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ وہ چند روز سے لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ وہ رواں سال کے تبلیغی اجتماع میں شرکت بھی نہیں کر سکے تھے۔ مولانا عبدالوہاب تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے زمانے سے ہی تبلیغی جماعت سے منسلک ہوئے اور وہ پاکستان کی تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی تبلیغ دین کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ تبلیغ کے داعی حاجی عبدالوہاب کا پورا نام را¶ محمد عبدالوہاب تھا اور 1923ءمیں دہلی میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد ٹوپیاں والا بورے والا ضلع وہاڑی منتقل ہوئے۔ انہوں نے تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی اور بطور تحصیلدار فرائض بھی سرانجام دیئے۔ حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں کراچی سے ایک خصوصی طیارہ کے ذریعے بھی لوگ لاہور پہنچے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق حاجی عبدالوہاب کی وفات پر صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب، مسلم لیگی رہنماو¿ں میں احسن اقبال، خواجہ محمد آصف، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر آصف کرمانی، ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شازین بگٹی و دیگر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کی وفات کو قومی نقصان قرار دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے پیغام میں کہا حاجی عبدالوہاب کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خدا ان کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں جگہ دے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تبلیغی جماعت کے امیر مولانا حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ عظیم مبلغ اسلام سے محروم ہو گئی۔ ان کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا، وہ کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ جمعیت علماءاسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ حاجی عبدالوہاب کی وفات کی خبر سے عالم اسلام مغموم ہے۔ جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا مولانا حاجی عبدالوہاب کے انتقال سے عالم اسلام ایک عظیم داعی اسلام سے محروم ہو گیا ہے۔ جے یو آئی کے رہنماﺅں مولانا فضل علی حقانی، اکرم خان درانی، مولانا محمد یوسف، مولانا فضل علی حقانی، مولانا گل نصیب خان ،مولانا راشد خالد محمود سومرو، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن نے بھی حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عبدالوہاب سچے عاشق رسول تھے۔ امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، محمد یعقوب شیخ اور حافظ خالد ولید نے مولانا عبدالوہاب کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا عبدالوہاب نے اپنی زندگی دعوت دین کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید، مولانا محمد اکرم کاشمیری ، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید، مولانا زبیر حسن، حافظ خالد حسن، مولانا فہیم الحسن تھانوی اور مولانا مجیب الرحمن انقلابی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا حاجی عبدالوہاب کی ذات مجسم دعوت و تبلیغ تھی۔ مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے جامعہ اشرفیہ لاہور میں تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی جس میں اساتذہ ، علماءاور سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ، نائب امیر مولانا عبدالرو¿ف مکی، مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج ، مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے و دیگر نے بھی عبدالوہاب کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ان کی وفات سے دعوت و تبلیغ کے کام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ رائے ونڈ سے نامہ نگارکے مطابق 98سالہ راﺅ محمدحاجی عبدالوہاب طویل عرصہ سے سانس اور سینے کے عارضہ میں مبتلا تھے چند روز قبل انکو ڈینگی بخار ہوگیا جس کے باعث وہ لاہورکے ہسپتال کے آئی سی یووارڈ میں زیرعلاج تھے۔ ان کووصیت کے مطابق تبلیغی مرکز کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ ان کی بیوی حیات ہیں ،جبکہ وہ اولاد کی نعمت سے محروم تھے۔مولانانذرالرحمن کو تبلیغی جماعت کا نیا امیر مقرر کردیا گیا ہے ،نمازجنازہ سے قبل مولانا طارق جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حاجی عبدالوہاب کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے ،جو دوسروں کیلئے اپنی زندگیاں وقف کردیتے ہیں۔ جنازہ میں شریک سیاسی شخصیات میں شیخ رشید ،مرزا جاوید ،اشعر نیازی اور آصف شہزاد قابل ذکر ہیں۔ ٹویٹر پر شاہد آفریدی نے مولانا عبدالوہاب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس نے کہا ہے لاہور پولیس کی تمام قیادت نے حاجی عبدالوہاب کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے رائیونڈ میں حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، چودھری سالک حسین ایم این اے، راسخ الٰہی اور دیگر شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے بھی ملاقات کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ ساجد انور نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطحی وفد نے قائم مقام امیر جماعت حافظ محمد ادریس کی قیادت میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔ حافظ محمد ادریس نے حاجی عبدالوہاب مرحوم کیلئے بلندی درجات اور تبلیغی جماعت کے بھائیوں سے پوری اُمت کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔
مولانا عبدالوہاب