فرانس: مہنگائی کیخلاف مظاہروں میں شریک افراد کیخلاف کریک ڈائون‘ 117 گرفتار
پیرس (نیٹ نیوز + آئی این پی ) فرانس میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں میں ایک خاتون کی ہلاکت کے بعد کریک ڈائون میں117 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق مہنگائی مخالف ملک گیر مظاہروں میں زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 400ہو گئی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق فرانس میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد لوگوں کا غصہ احتجاج ومظاہرہ کی صورت میں پھوٹ پڑا۔ فرانس میں اس سال ڈیزل کی قیمتوں میں23 فیصد اور پٹرول کی قیمتوں میں15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹینر نے بتایا کہ ملک بھر میں لگ بھگ ایک ہزار مختلف مظاہروں میں پچاس ہزار افراد شریک ہوئے۔مظاہرین صدر امانویل میکرون کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اپوزیشن پارٹیوں اور مختلف مزدور یونینوں نے ان مظاہروں کی حمایت کی ہے تاہم وہ اس میں شریک نہیں ہیں۔ احتجاج کرنے والوں نے پیلے رنگ کی جیکٹیں زیب تن کر رکھی ہیں۔ مظاہرے کے دوران جنوبی فرانس میں ایک خاتون حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئی تھی۔