گکھڑ منڈی میں زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس منصوبہ مئی 2019ء تک مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے گکھڑ منڈی میں زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس منصوبہ مئی 2019ء تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ بات انہوں نے منصوبے کا دورہ کرنے کے بعد اپنے خصوصی احکامات میں کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر خواجہ سیف الرحمٰن، پی ایم یو کے افسران و دیگر بھی موجود تھے جنہوں نے ان کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بیڈمنٹن کورٹ، ٹینس کورٹ، کرکٹ، فٹ بال گراؤنڈز اور فلڈ لائٹس کی تنصیب کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے میں تعمیراتی سامان اعلیٰ معیار کا استعمال کیا جائے اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے منصوبے پر کام کی رفتار بھی تیز کرنے کی ہدایت کی اور اس کی پندرہ روزہ رپورٹ بھیجنے کا حکم دیا۔