وزیراعظم نے بنی گالہ میں دونوں گھروں کی ریگولرائزیشن کیلئے درخواست دیدی
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی دونوں گھروں کی ریگولرائزیشن کیلئے درخواست دے دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے 250 کنال پر اپنی رہائشگاہ اور ملحقہ بیٹھک کی عمارت کے کاغذات سی ڈی اے میں جمع کرائے جن میں زمین کے ملکیتی کاغذات، نقشے اور دیگر کاغذات سی ڈی اے کے شعبہ ون ونڈو میں جمع کرائے گئے۔سی ڈی اے کو زون 4 کیلئے کمرشل اور رہائشی عمارتوں کی 132 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے زون 4 بنی گالہ کو ریگولرائز کرنے کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ مالکان کو کمرشلائزیشن چارجز کی مد میں 3500 روپے فی مربع فٹ دینا ہوگا اور جرمانے کی مد میں 100 روپے فی مربع فٹ رہائشی عمارتوں کے مالکان سے لیے جائیں گے۔اس کے علاوہ بنی گالہ میں کمرشل عمارتوں کے مالکان سے 200 روپے فی مربع فٹ جرمانہ لیا جائے گا جب کہ بنی گالہ زون 4 کے رہائشیوں سے ڈ ویلپمنٹ چارجز الگ سے لیے جائیں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں وزیراعظم عمران خان پر جرمانہ عائد کیا تھا اور انہیں اپنا گھر ریگولرائز کرانے کا حکم دیا تھا۔
بنی گالہ /ریگولزائزیشن