کام نہیں ہوتا تو محکمہ اینٹی کرپشن بند کر دیں‘ کیوں نہ تفتیشی افسر سمیت تمام ذمہ داروں کو جیل بھجوا دیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کی کارگردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کام نہیں ہوتا تو محکمہ اینٹی کرپشن بند کر دیں تفتیشی افسر سمیت تمام ذمہ داران کو کیوں نہ جیل بھجوا دیں جسٹس شیخ عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے روز ملزم الیاس کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا جسٹس شیخ عظمت سعید نے سوال اٹھایا کہ پٹواری اور تحصیلدار کی ضمانت کے خلاف اپیل دائر کیوں نہیں کی اور کہا کہ جعلسازی کے مرتکب اصل ملزموں کو ضمانت مل گئی۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے خلاف کیس نیب کو بھجوا دیں اور اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ معاملہ ڈی جی اینٹی کرپشن کے نوٹس میں لایا جائے اصل ملزموں کے خلاف کیس کمزور لڑا گیا ہے۔