• news

این آر اے کے ساتھ فریم ورک معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی: شیخ رشید

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ این آر اے اور پاکستان ریلوے کے درمیان فریم ورک معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی،ایم ایل 1کی اپ گریڈیشن کم سے کم وقت میں مکمل ہونی چاہیے،این ار اے کو چاہیے کہ وہ پاکستان ریلوے کو تعمیراتی اخراجات مناسب دے۔وہ پیر کو نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن (این آر اے)چین کے وفد سے وزارت ریلوے میں ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ این آر کے وفد کی صدارت ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ا ین لو شینگ نے کی جبکہ ملاقات میں چیئر مین ریلوے محمد جاوید انور، سی ای او آفتاب اکبر ، ڈی جی پلاننگ محمد یوسف ،سیکرٹری ریلوے بورڈ فرخ تیمور اور ڈی جی آپریشن مریم گیلانی بھی موجود تھے۔ وفد نے کہا کے موجودہ حکومت سی پیک کی اہمیت سے واقف ہے،وہ یہ جانتی ہے کہ سی پیک میں ریلوے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔دونوں وفود میں یہ طے پایا کہ دو دن میں ماہرین کی ٹیمیں مفصل گفتگو کر کہ مسائل کا حل تیار کریں گے اور حتمی رپورٹ 25دسمبرکو سائن کریں گے۔ این آر اے کے وفد نے واضح کیا کہ ایم ایل 1پاکستان کا ایک اہم انفراسٹرکچر ہے۔ وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ ایم ایل 1کی اپ گریڈیشن کو تیز رفتاری سے مکمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا ایک اہم ہمسایہ ملک ہے۔ انہوں نے این آر اے اور پاکستان ریلوے کے درمیان فریم ورک ایگریمنٹ میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی، وزیر ریلوے نے ایم ایل 2اور ایم ایل 3کو بھی سی پیک کے لیے اہم قرار دے دیا۔چین کو ایم ایل 2اور ایم ایل 3کی فیزیبیلٹی پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن