ہائیکورٹ بنچ کیلئے فیصل آباد اور دیگر شہروں میں وکلا کا بائیکاٹ جاری‘ گوجرانوالہ ضلع کچہری کی بھی تالا بندی
لاہور/گوجرانوالہ (صباح نیوز+نمائندہ خصوصی) پنجاب کے مختلف شہروں میں چھٹے روز بھی وکلا کی ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے ہڑتال جاری رہی ۔ فیصل آباد، ساہیوال، چیچہ وطنی، جھنگ، گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے مطالبہ کے لیے وکلا کی ہڑتال جاری رہی اور وکلا نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا ۔وکلا کی طرف سے عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر ججز نے مقدمات کی سماعت اگلی تاریخوں پر مقرر کر دیں جب کہ مسلسل چھ روز سے مقدمات کی سماعت نہ ہونے کے باعث سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سرگودھا بار ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی تھی اور انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا تھا‘بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے ہائی کورٹ کے بینچ کے قیام تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ۔گوجرانوالہ میں وکلاء نے سیشن کورٹ کے بعد ضلعی کچہری کی بھی تالہ بندی کر دی ،ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ضلعی انتظا میہ کے دیگر افسران کے دفا تر بند بھی رہے ۔ عدالتوں کی تالہ بندی کے بعد ضلع کچہری کی تالہ بندی سے ضلعی انتظا میہ کے افسر سرکاری امور انجام نہ دے سکے جس سے دور دراز کے علا قوں سے ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر دفاتر میں مسائل کے حل کیلئے آنیوالے شہری دن بھر خوار ہو تے رہے تاہم اس حوالے سے سیکر ٹری ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن ظہیر احمد چیمہ کا کہنا تھا کہ وکلا کے وفد کے سا تھ صو با ئی وزیر قانون راجہ بشا رت کی دوستا نہ ماحول میں میٹنگ ہو ئی جس میں انہوں نے ہا ئیکورٹ بنچ کے مطالبے کوآئینی اورجا ئز قرار دیتے وزیر اعلی کے ساتھ ملا قات اور مسئلہ کے جلد حل کی یقین دہا نی کرائی۔ سیکر ٹری بار کا کہنا تھا کہ مقامی عدلیہ کے سا تھ وکلا کے تعلقات بہت اچھے ہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سمیت کسی جج اور ضلعی انتظا میہ نے ہما رے احتجاج میںکسی قسم کی کو ئی رکاوٹ نہیں ڈالی جو ڈیشل ریسٹ ہا ئوس کی علا متی تالہ بندی کی گئی تھی تاکہ وہاں پر پو لیس اہلکا ر ملزمان کا ریمانڈ حا صل نہ کر سکیں تاہم جو ڈیشل ریسٹ ہا ئوس کی تالہ بندی ختم کر دی گئی ہے ۔ججز نے جو ڈیشل ریسٹ ہا ئوس میں سرکاری امور کی انجام دہی کی تو پھر جو ڈیشل ریسٹ ہا ئوس کی بھی تالہ بندی کر دی جا ئیگی ان کا کہنا تھا کہ وکلا کا احتجاج ہا ئیکورٹ کے علا قائی بنچ پر عملدرآمد تک جا ری رہے گا۔ڈسٹر کٹ بار سرگودھا میں انٹر ڈویژنل کوآرڈنیشن کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہائیکورٹ بینچ کے قیام کے سلسلہ میں مکمل ہڑتا ل اور ریلی نکالی گئی،ریلی میںوکلاء تاجر اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی،اس موقع پرصدر بار عنصر خان بلوچ، ممبر پنجاب بار سلیم کچیھلا، جنرل سیکرٹری سعد اللہ وڑائچ ، نصیر احمد اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈویژن بھرکے علاوہ ملحقہ اضلاع کے لاکھوں عوام کا بھی یہ دیرینہ مطالبہ ہے جو کئی سالوں سے حل طلب چلاآرہا ہے ،انہوںنے کہاکہ وکلاء اور عوام ہائیکورٹ بینچ کے قیام تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد میں چھٹے روز بھی وکلا کی ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے لیے ہڑتال جاری رہی، عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔چھٹے روز بھی ضلع کونسل چوک میں دھرنا دے کر وکلاء نے ٹریفک کو معطل رکھا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آبادمیں ہائی کورٹ بینچ کے قیام کے مطالبہ کے لیے وکلا کی ہڑتال جاری رہی اور وکلا نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا۔وکلا کی جانب سے عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر ججز نے مقدمات کی سماعت اگلی تاریخوں پر مقرر کر دیں جب کہ مسلسل چھ روز سے مقدمات کی سماعت نہ ہونے کے باعث سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ہائی کورٹ کے بینچ کے قیام تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ وکلاء نے احتجاج کے دوران ریلی بھی نکالی۔ ریلی ڈسٹرکٹ بار سے شروع ہو کر ضلع کونسل چوک میں پہنچی تاہم ہڑتال کے دوران وکلاء لاؤڈسپیکر پر اعلان کرتے رہے کہ جو وکیل عدالت میںپیش ہو گا اس کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کارروائی عمل میں لائے گی۔