سی پیک میں جائز حصہ نہیں دیا گیا، گلگت بلتستان کو حق دلائیں گے: بلاول
ہنزہ (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو جائز حصہ نہیں دیا گیا۔ گلگت کے حق کے لئے پی پی آواز اٹھائے گی۔ ہنزہ میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو اس کا حق دلائیں گے۔ تاریخی قلعہ التت پہنچنے پر بلاول بھٹو کا شاندار استقبال کیا گیا۔ چیئرمین پی پی نے ہنزہ میں مقامی دھن پر بزرگوں کے ساتھ روایتی رقص کیا۔ مقامی رہنمائوں نے بلاول کو ثقافتی ٹوپی اور اونی کوٹ پہنایا۔ علاو ہ ازیںچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کی 60 ویں سالگرہ کے موقعے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید شاہنواز بھٹو انقلابی اور بے خوف شخصیت کے مالک تھے، ظالموں نے انہیں جواں عمری میں ہی بے دردی سے قتل کر دیا۔ شہید ذوالفقار بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد جمہوریت کے لئے سرگرم عمل بھٹو خاندان کو مزید دکھ دینے اور حوصلے پست کرنے کی خاطر آمریتی عناصر نے سب سے پہلے شہید شاہنواز بھٹو کو نشانہ بنایا، کیونکہ وہ خاندن میں سب سے چھوٹے اور سب کو عزیز تھے۔