• news

کرپشن فری پاکستان کیلئے کوشاں، ایک برس میں 503 کرپٹ افراد پکڑے: چیئرمین نیب

لاہور (سٹاف رپورٹر) چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاویداقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کاخاتمہ ہماراایمان ہے،کرپشن فری پاکستان کے لیے کوشاں ہیں ،نیب پراعتماد سازی میں اضافہ ہوا، شفافیت کوفروغ دینے میں مددملی ہے،میگا کرپشن کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پرمنطقی انجام تک پہنچایاجائے۔ جسٹس (ر)جاویداقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا، اجلاس میں نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اشتہاریوں، مفروروں اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔جاویداقبال نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو قومی ذمہ داری سمجھتا ہے، کم مالیت کے مقدمات کو متعلقہ اینٹی کرپشن کے اداروں کو بھجوایاجائے، شفافیت ، شواہد پر 10ماہ کے مقررہ وقت کے اندر کیس انجام تک پہنچائیں اور مقررہ وقت کے اندرشکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں کی جائیں۔ نیب کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، نیب میں تمام افرادسے قانون کیمطابق عزت واحترام سے پیش آیا جائے۔ نیب نے گزشتہ12 ماہ میں503 افرادکوگرفتار اور 44315کیخلاف شکایات لیں، 1713 شکایات کی جانچ، 877 افراد کے خلاف انکوائریاں کی گئیں، ایک سال میں 227افراد کے خلاف انویسٹی گیشنز شروع کیں۔بریفنگ میں کہا گیا 440بدعنوانی کے ریفرنس مختلف احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے،2580 ملین روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کیے، جو ایک ریکارڈ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن