مولانا سمیع الحق کی شہادت سے امت مسلمہ عظیم ہستی سے محروم ہو گئی: اسلامی مشاورتی گروپ
اکوڑہ خٹک(آئی این پی ) امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید نے اسلامی مشاورتی کونسل کے اہم رکن مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ ایک عظیم ہستی سے محروم ہوگئی جو امت کو یکجا کرنے کی فکر میں رہتے تھے ان کی شہادت سے صرف پاکستان ہی محروم نہیں ہوا بلکہ پوری مسلم امت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ان کا میرے ساتھ انتہائی برادرانہ اورمشفقانہ تعلق تھا۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی مشاورتی گروپ کا پانچواں سالانہ اجلاس او آئی سی ہیڈکوارٹر جدہ سعودی عرب میں منعقد ہوا، جس کی صدارت امام کعبہ و سربراہ انٹرنیشنل فقہ اکیڈمی جدہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین نے کی،اجلاس کے افتتاحی خطاب میں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید نے اسلامی مشاورتی کونسل کے اہم رکن مولانا سمیع الحق کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ ایک عظیم ہستی سے محروم ہوگئی جو امت کو یکجا کرنے کی فکر میں رہتے تھے ان کی شہادت سے صرف پاکستان ہی محروم نہیں ہوا بلکہ پوری مسلم امت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ان کا میرے ساتھ انتہائی برادرانہ اورمشفقانہ تعلق تھا، انہوں نے مولاناسمیع الحق شہید کے صاحبزادے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ اور جامعہ حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی ،جامعہ کے مہتمم مولانا انوارالحق اوردیگر اہل خانہ سے تعزیت کی۔اس کے علاوہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین نے بھی اپنے خطاب میں مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں شریک جامعۃ الازہر قاہرہ مصر کے نائب رئیس پروفیسر صالح عباس جمعۃ صالح ،ڈاکٹر محمد جوینیی نائب سربراہ اسلامک ڈیوپلمنٹ بینک جدہ نے بھی مولانا سمیع الحق شہید کو زبردست الفاظ میں ان کی خدمات کو سراہا۔ اس کے علاوہ سعودی وزیر مملکت شیخ صالح بن عبدالعزیز آل شیخ ، نائب وزیر مذہبی امورشیخ عبدالعزیز العمار،مکتبہ الدعوۃ پاکستان کے سابق سربراہ شیخ ابوسعد الدوسری نے مولانا حامد الحق حقانی اور اہل خانہ کے نام تعزیتی مکتوب میں مولانا سمیع الحق شہید کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کی امت مسلمہ کے لئے لامتناہی خدمات کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔