• news

پنجاب کمپنیز سکینڈل: نیب نے مزید 16 کروڑ 72 لاکھ ریکور کرکے حکومت کو دیدئیے

لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب 56کمپنی سکینڈل میں پیشرفت سامنے آگئی، نیب نے 16 کروڑ 72 لاکھ روپے ریکور کر کے حکومتی نمائندوں کو دے دیئے۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے مطابق 4 ارب روپے ریکور کر لئے ہیں۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے مزید 16 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد لوٹی ہوئی رقم ملزمان سے ریکور کر کے حکومتی اداروں کے نمائندوں کو چیک دیدئیے۔ نیب ترجمان کے مطابق وصول کنندگان میں لاہور پارکنگ کمپنی 7 کروڑ 13 لاکھ مالیت کا چیک حوالے کیا گیا، کمپنی کے ساتھ ہونیوالے معاہدے میں نجی بینک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان سے 4 کروڑ 52 لاکھ روپے کا چیک متعلقہ حکام کے حوالے کیا۔ نیب ترجمان کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کے نمائندے کو 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام نے 90 لاکھ 35 ہزار مالیت کا چیک وصول کیا۔ شہزاد سلیم نے اس موقع پر کہا کہ نیب لاہور سال 2018 میں ملزمان سے 4 ارب سے زائد کی ریکارڈ وصولی کر چکا ہے اور لوٹی ہوئی رقم ملزمان سے لیکر خزانے میں جمع کروا رہے ہیں۔ بہت سے کیسز میں ہونیوالی کرپشن کی نشاندہی ہو چکی ہے، مزید بھی لوٹی ہوئی رقم ملزمان سے ریکور کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن