سود سے معیشت تبا ہ ہوئی، حکمران کشکول لے کر ہر ملک کے سوالی ہیں: سراج الحق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ یہ ملک مدینہ منورہ کے بعد واحد ریاست ہے جو نظریہ کی بنیاد پر بنی۔ یہ زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جب تک نظریہ پاکستان، پاکستان میں نافذ نہ ہو ملک مضبوط نہیں ہو سکتا۔ ایمان و عشق رسولؐ کا تقاضا ہے کہ اس نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کریں جس کے لیے پیغمبر اسلامؐ دنیا میں تشریف لائے۔ ہماری زندگیوں میں سارا حسن پیغمبر اسلامﷺ کی وجہ سے ہے اور آج ہم نے ترقی کرنی ہے تو سیرت رسول کی پیروی کرنا ہوگی۔ ہمارا سارا نظام سودکے بنیاد پر چل رہا ہے، سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت نہ ترقی کرسکتی ہے نہ ٹھیک ہوسکتی ہے۔ اسلامی نظام معیشت کی بجائے سودی معیشت اپنانے کی وجہ سے ہر بچہ مقروض اور ہر پاکستانی کے ہاتھوں میں ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں ہیں۔ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی چیخیں نکال دی ہیں۔ ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ وہ نشترہال پشاور اور ودودیہ ہال سیدوشریف سوات میں عظیم الشان پیغام سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے حکمران کشکول لے کر ہر ملک کے آگے سوالی ہیں۔ پاکستان کو قائم ہوئے 71 سال ہوگئے ہیں لیکن آج تک عدالتوں میں قرآن کا نظام رائج نہ ہوسکا اور انگریزوں کے جانے کے بعد بھی ہمارا عدالتی نظام، تعلیمی نظام اور کلچر انگریز کے نظام سے آزاد نہ ہوسکا۔