فیصلہ کرینگے کچی آباد ی اراضی کی مالک ریاست ہے یا مکین: جسٹس عظمت سعید
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کچی آبادی میں رہائش پذیر لوگوں کو ملکیتی حقوق نہ دیئے گئے ہوو تو ملکیت ریاست کی ہو گی یا مکینوں کی اس پر فیصلہ کریں گے۔ عدالت نے کراچی منظور کالونی کے پلاٹ کی ملکیت سے متعلق اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی اور سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کردیا۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کچی آبادیوں میں ملکیت کس کی ہو گی یہ فیصلہ کریں گے لیکن دیکھنا ہو گا کیا حکومت نے کچی آبادیوں کی ملکیت وہاں کے لوگوں کو دی ہے۔ اگر ملکیت حکومت کی ہے تو پھر یہ خریدو فروخت کیسے ہو سکتی ہے فیصلہ کریں گے کہ کچی آبادی کی اراضی کے اصل مالک ریاست ہے یا وہاں کے مکین۔ تاہم اس دوران فریقین چاہیں تو اس دوران مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکال سکتے ہیں۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا ایسی آبادیوں میں جس کا قبضہ ہو ملکیت اسی کی ہوتی ہے۔