کوٹ رادھاکشن: بیٹا نہ ہونے پر حا ملہ بیوی قتل کر دی، ملزم نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا یا
قصور+ چونیاں(نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی) نواحی گاؤں مولاپور کے قریب بیٹیاں پیدا کرنے پر خاوند نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا کر حاملہ بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور اعتراف جرم بھی کر لیا۔ کوٹ رادھاکشن کے رہائشی محمد جعفر نے پولیس تھانہ چونیاں صدر میں مقدمہ درج کروایا ہے کہ اسکی بھتیجی ارم کو اسکا خاوند وسیم اکرم بہانے سے اپنے ساتھ لے گیا اور اپنے ساتھیوں کی مدد سے مولاپور کے قریب لیجا کر قتل کر دیا اور خود کو بھی ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کر دیا اور ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے کی خاطر پولیس ہیلپ لائن پر ڈکیتی کی کال چلا دی مگر جب پولیس موقع پر پہنچی تو واقعات کے مطابق پولیس موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ خاوند نے خود ہی قتل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم وسیم اکر م کو رنج تھا کہ اسکی بیوی نے پہلے تین بچیوں کو جنم دیا اور اب چوتھی بچی کی پیدائش دو روز بعد متوقع ہے۔ مقتولہ کے ورثاء نے پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا کہ کافی عرصہ سے دونوں میاں بیوی کے درمیان اس بناء پر ناچاقی چل رہی تھی کہ تم بیٹا پیدا کرنے کی بجائے بیٹیاں پیداکررہی ہو اور اب بھی الٹراسائونڈ رپورٹ میں بیٹی ظاہر کی گئی تھی۔ مدعی محمد جعفر ولد دین محمد کی درخواست پر ملزم وسیم اکرم کے خلاف زیر دفعہ 302/34ت پ مقدمہ درج کرکے پولیس مصروف تفتیش ہے۔