• news

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کیس میں سیکرٹری اطلاعات ذاتی حیثیت میں طلب

اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جماعت الدعوۃ کی ذیلی تنظیم فلاح انسانیت فاونڈیشن کی میڈیاکوریج پرپابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات کو آج جمعہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے فلاح انسانیت فاونڈیشن کی درخواست کی سماعت کی تو وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود ، وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے ڈی جی کی پوسٹ پر تعینات افسر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی اور سہیل اختر ایڈووکیٹ بھی عدالت میں موجود تھے۔ دوران سماعت پیمرا کی جانب سے تحریری جواب جمع کرا دیا گیا۔ فاضل جسٹس نے استفسار کیا کہ ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن کہاں ہیں؟ کیا ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن منسٹری میں نہیں ہیں۔ اس پر ڈی جی نے بتایا کہ ایک ڈپٹی سیکرٹری ہیں ، میں ڈی جی کے عہدے پر فائز ہوں۔ جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بار بار بلانے کے باوجودانفارمیشن منسٹری والے کیوں پیش نہیں ہو رہے؟ کیا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیں؟ یہ کوئی طریقہ نہیں ، عدالتی حکم کوکس طرح لے رہے ہیں ، اوپرسے افسران کو نہیں بلاتاکہ کام کا حرج نہ ہو ، اب اگرکوئی اپنے پاوں پرخود کلہاڑی مارے تومیں کیا کر سکتا ہوں۔ ڈی جی کے جواب پر فاضل جسٹس نے کہا کہ چلیں سیکرٹری تو ہیں ان کو بلالیتے ہیں۔ عدالت نے سیکرٹری انفارمیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت آج جمعہ تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ پیمرا نے فلاح انسانیت فاونڈیشن کی میڈیا کوریج پرپابندی عائدکی تھی جس پر فلاح انسانیت فاونڈیشن نے پابندی کا حکم کالعدم قرار دینے کے لئے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن