آئین جسے غیرمسلم قرار دے کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا: وزیر مذہبی امور
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین جس کو غیرمسلم قرار دے وہ کبھی مسلمان نہیں ہوسکتا، وزارت مذہبی امور علماء اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی رہے گی، حضورؐ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ وہ دو روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف پاکستان نے توانا آواز بلند کی اور وزیراعظم عمران خان نے واضح پیغام دیا تھا کہ شاید مغرب کو علم نہیں کہ ہم اپنے نبیؐ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاکوں کے حوالے سے ہالینڈ کے سفیر کو بلا کر شدید ردعمل کا اظہارکیا گیا اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مسلم ممالک کے وزراء خارجہ کو فون کیا اور موثرحکمت عملی اپنانے کا کہا۔