ستوکتلہ: گھریلو ناچاقی پر شوہر نے فائرنگ کر کے 2 بیویوں کو قتل کر دیا
لاہور ( سٹاف رپورٹر) لاہور کے علاقہ ستو کتلہ میں ایک شخص نے گھریلو نا چاقی پر فائر نگ کر کے اپنی دو بیویوں کو قتل کر دیا، واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ستو کتلہ کے رہائشی ریاست عرف جگا نے دو شادیاں کر رکھی تھیںاور دونوں بیویاں ایک ہی گھر میں رہتی تھیں۔پولیس کے مطابق ملزم نشہ کا عادی تھاجس کے باعث اس کا دونوں بیویوں سے جھگڑا رہتا تھا۔ ملزم نے گھریلو جھگڑے کے باعث فائرنگ کر کے دونوں بیویوں کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ مقتول خواتین میں 40سالہ بشری بی بی اور 42 سالہ نسرین شامل ہیں۔ پولیس اور فرانزک ٹیم نے جائے واردات سے شواہد اکٹھے کر کے نعشیں پوسٹمارٹم کے لیے ڈیڈ ہائوس منتقل کر دی ہیں۔ 42سالہ ریاست نے بڑے بھائی کے انتقال پر اس کی بیوی بشری ٰبی بی سے شادی کر لی، جس پر اس کی بہلی بیوی نسرین بی بی نے جھگڑ ا شروع کر دیا اور آئے روز گھر میں جھگڑے بڑھتے گئے ۔عزیز و اقارب نے دونوں کے درمیان صلح کرانے کی بہت کی کوشش کی لیکن جھگڑوں نے ختم ہونے کا نام نہیں لیا گزشتہ روز دوبارہ جھگڑا شروع ہو ا جس پرملزم ریاست نے فائرنگ کر کے دونوں بیویوں کو قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔