• news

گوجرانوالہ: خاتون بنک منیجر کا کیشیئر پر تشدد، ویڈیو وائرل، معطل کردیا گیا

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سرکاری بنک برانچ کی منیجر نے کیشیئر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ خاتون افسر سے خوفزدہ کیشیئر سیٹ پر بیٹھ کر خاموشی سے تشدد سہتا رہا، جبکہ سی سی ٹی کیمرے سے بننے والی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ چند روز قبل ماڈل ٹائون میں نیشنل بینک کی منیجر عفیرہ چوہدری نے کیشیئر اعظم کو اڑھائی لاکھ روپے کے چیک کی ادائیگی کا حکم دیا جس پر کیشیئر نے اکائونٹ چیک کیا تو اس میں رقم صرف 40 روپے تھی جس پر اس نے چیک کیش کرنے سے انکار کر دیا تو خاتون منیجر غصے میں آگئی جس نے اعظم کو تھپڑوں، مکوں سے تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ اسکے سر کے بال بھی نوچے مگر خاتون آفیسر سے خوفزدہ کیشیئر اپنی سیٹ پر بیٹھ کر خاموشی سے تشدد سہتا رہا۔ ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک منیجر کیشیئر پر تشدد کر رہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بینک انتظامیہ نے بینک منیجر کو اس واقعہ کے بعد معطل کر دیا ہے۔ ادھر یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ بینک منیجر عفیرہ چوہدری ق لیگ کی سینئر رہنما و سٹی کارپوریشن کی ممبر زبیدہ احسان چوہدری کی بیٹی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن