• news

قو می اسمبلی، 100دن گزر گئے، مالیاتی بل کے سوا کوئی قانون منظور نہیں ہوا

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) 25جولائی 2018کو قائم ہونے والی قومی اسمبلی کو آج 100دن ہوگئے ہیں پچھلے 100دن میں ’’مالیاتی بل‘‘ کے سوا کوئی قانون منظور نہیں ہوا ۔ مجالس قائمہ نہ ہونے کے باعث کوئی بل ان کو بھجوایا نہیں جاسکا۔ تاہم اب تک صرف عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف پارلیمانی کمیٹی ہی قائم ہوسکی ہے جو تاحال اپنے ٹی او آرز نہیں بناسکی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی کے دو سیشن اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کئے گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج صبح پارلیمنٹ میں میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ آج ایک روز کیلئے ریکوزیشن پر ہونے والا 5واں سیشن ہے 26نومبر کو قومی اسمبلی کا چھٹا سیشن شروع ہوگا۔ 100ایام میں 91فرینڈ شپ گروپس کو متحرک کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جن میں سے سپیکر نے 23گروپوں کے سربراہ مقرر کردیئے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس پیر یا منگل کو منعقد ہونے کا امکان ہے جس میں اجلاس کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن