• news

قانون ناموس رسالت کو کسی قیمت پر ختم نہیں ہونے دینگے: عطا المنان بخاری

چنیوٹ+ چناب نگر (شہزادہ محمد اکبر، احسن رضوان عثمانی) عالمی مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام آل پاکستان دو روزہ سالانہ ختم نبوت کانفرنس اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز کی سلامتی کی دعائوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ چناب نگر (ربوہ) کی قدیمی جامع مسجد احرار میں قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری کی زیر سرپرستی اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر مولانا خواجہ عزیز احمد کی زیر صدارت منعقد ہونے والی سالانہ کانفرنس کی آخری نشستوں سے تحریک ختم نبوت اور تحریک احرار بزرگ رہنما مولانا مجاہد الحسینی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر پیر طریقت حافظ محمد ناصرالدین خان خاکوانی، مولانا قاضی محمد ارشدالحسینی (اٹک)، پروفیسر خالد شبیر احمد، صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، سید محمد کفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ، سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری، مولانا عبدالرئوف مکی (مکہ مکرمہ)، مولانا محمد مغیرہ، قاری عبیدالرحمن زاہد، مولانا تنویرالحسن نقوی، حافظ محمد طیب، قاری محمد فیصل ،محمد شفیع الرحمن احرار، جماعت اسلامی کے رہنما چودھری محمد اسلم ،جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالخالق ہزاروی ،مولانا عزیزالرحمن خورشید، شیر افضل خان بابر ایڈووکیٹ اور دیگر رہنمائوں نے شرکت وخطاب کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ہزاروں فرزندان اسلام ،مجاہدین ختم نبوت اور سرخ پوشان احرار نے فقیدالمثال جلوس نکالااور قادیانیوں کو دعوت اسلام کا فریضہ دہرایا گیا، پرچم کشائی کی الگ سے تقریب منعقد ہوئی جو انتہائی روح پرور تھی،کانفرنس کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر حافظ ناصرالدین خان خاکوانی نے کہاکہ نبوت کے بدلنے سے امت بدل جاتی ہے، قادیانیوں نے مرزاغلام احمد قادیانی کو نبی مان کر اپنے آپ کو امت محمدیہ سے خود الگ کرلیا اس طرح اب وہ اسلام اور مسلمانوں کا ٹائٹل استعمال کرکے دنیا کو دھوکہ دے رہے ہیں، مولانا قاضی محمد ارشدالحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کے بعد سب سے بڑی دولت اخلاص ہے ہمارے بزرگوں کی جماعت مجلس احراراسلام اخلاص کے ساتھ عقیدۂ ختم نبوت کی حفاظت کرتی چلی آرہی ہے ،ہماری ساری جدوجہد کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ قادیانی دوزخ کا ایندھن بننے سے بچ جائیں اور جناب محمد کریم ﷺ کے قدموں پر سرنگوں ہوجائیں ،مولانا عبدالخالق ہزاروی نے کہا دینی جماعتوں کے کارکنوں کو چاہئے کہ آپس میں ربط پیداکریں انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام مذہبی جماعتوں کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی ہے ،رفیق امیر شریعت مولانا مجاہدالحسینی نے کہا کسی بھی مشن کی کامیابی کے لیے استقامت کا ہونا ضروری ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک ختم نبوت کی تاریخ کو صحیح طوپر غیر جانبداری کے مرتب کیا جائے انہوں نے کہا قادیانی مسئلہ صرف دینی نہیں سیاسی ہے انہوں نے کہا ختم نبوت کے محاذ کو سرگرم کرنے کے لیے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا تک مؤثر رسائی ضروری ہے کیونکہ میڈیا غیروں کے ہاتھ میں ہے ۔شیر افضل بابر ایڈووکیٹ نے کہا چیئرمین سینٹ کے لیے مسلمان ہونے کی شرط لازمی قراردی جانی چاہیے کیونکہ صدر کی ملک سے عدم موجودگی میں چیئرمین سینٹ قائم مقام صدر ہوتاہے۔کانفرنس کے اختتام پر ہزاروں شرکاء نے جامع مسجد احرارسے فقیدالمثال دعوتی جلوس نکالا جلوس مختلف بازاروں سے ہوتا ہوااقصیٰ چوک ربوہ پہنچا جہاں سید عطاء المنان بخاری نے مختصر خطاب میں کہا قانون ناموس رسالت کو کسی قیمت پر بھی ختم نہیںہونے دیں گے۔ فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے جلوس کے ہزاروں شرکاء جب قادیانی مرکز ایوان محمود کے سامنے پہنچے تو جلوس بہت بڑے جلسہ عام کی شکل اختیار کرگیا جہاں ہزاروں شرکاء نے قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری کی اپیل پر اس بات کا عہد کیا وہ زندگی بھر عقیدۂ ختم نبوت کی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس مقدس مشن کو اپنی نسلوں تک منتقل کریں گے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد کاشمیری نے کہا قادیانی ہماری لوٹی ہوئی متاع گراں ہیں یہ کلمہ پڑھ کرمسلمان ہوجائیں تو ہم ان کو سینوںسے لگا لیں گے۔ سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری نے کہا قادیانیوں سے ہماری جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ دھوکہ دہی چھوڑ نہیں دیتے ،انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالرئوف مکی نے کہا کہ رائل فیملی نے قادیانیوں کو دھوکے میں رکھا ہواہے ہم ربوہ میں قادیانیوں کو حق سچ کی دعوت دینے آئے ہیں مسلم لیگ (ق)کے رہنمااور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا دائمی کامیابی کے لیے قادیانی اسلام کے پرچم تلے آجائیں، متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا حکمران جتنے بھی یوٹرن لے لیں ناموس رسالت اورتحفظ ختم نبوت کے قوانین کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں بدل سکتی، مجلس احراراسلام کے نائب امیر سید محمدکفیل بخاری نے کہا کہ اسلام کی دعوت دینا انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے۔ ہم نہ تو شدت پسند ہیں نہ دہشت گرد ہم تو بنیاد پرست ہیں اور ہماری بنیاد توحید وختم نبوت اور اسوۂ صحابہ ہے ،مولانا تنویر الحسن نے کہا ربوہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ جلوس کی قیادت پروفیسر خالد شبیر احمد،میاں محمد اویس ،مولانا فیصل متین،حکیم محمد قاسم،مولانا تنویرالحسن،سید عطاء المنان بخاری،مولانا سرفراز معاویہ،مولانا محمد اکمل،حافظ ضیاء اللہ ہاشمی،محمد قاسم چیمہ،غلام مصطفی ،محمد طلحہ شبیر ،حافظ محمد طیب ،میاں سفیان اویس ،مہر اظہر حسین وینس،حافظ محمد سلیم شاہ،مولانا عتیق الرحمن علوی اورکئی دیگر رہنما کررہے تھے۔ جلسہ عام کے بعد جلوس پر امن طور پر چناب نگراڈاپہنچا اور عبداللطیف خالد چیمہ کی اختتامی دعا کے ساتھ پر امن طور اختتام پذیر ہوگیا قبل ازیں مجلس احراراسلام اور پاکستان کے جھنڈوں کی تقریب پرچم کشائی قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں پروفیسرخالد شبیراحمد ،سید محمد کفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ،سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری،مولانا تنویرالحسن،مولانا محمد سرفرازمعاویہ،حافظ محمد اکرم احرار،ظہیر احمدکاشمیری نے خطاب کیا۔ اس موقع پر درج ذیل قراردادیں منظور کی گئیں۔٭آسیہ کا نام فوراً ای سی ایل میں ڈالا جائے ٭نظرثانی پٹیشن کے لیے جلد تاریخ کا اعلان کیا جائے ٭مولانا سمیع الحق شہید کے قاتلوں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزادی جائے٭سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی نصاب میں ختم نبوت پر مبنی مضامین شامل کیے جائیں۔ چناب نگر میں بھی بلاتاخیر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ ٭کانفرنس میں اسرائیل کو تسلیم کرنے اوریوٹرن کو کامیابی علامت قرار دینے کو غلامانہ ذہنیت سے تعبیر کیا گیا ٭ سودی معیشت ختم کرکے اسلامی نظام معیشت کے اجرائ۔ امتناع قادیانیت ایکٹ پر مؤثر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن