ری وزٹ ، نہ کہ یو ٹرن
پرانے زمانے میں شہزادوں کی تعلیم و تربیت کیلئے اتالیق مقرر کئے جاتے تھے۔ جو انہیں سرد و گرم زمانہ بخوبی سمجھا دیتے تھے۔ اور یوں تخت سنبھالنے تک وہ خاصے سیانے ہو جاتے تھے۔ میکاولی کی The Prince رموزِ جہانبانی سکھانے والی معرکتہ الآراء کتاب ہے۔ شہید بھٹو جسے تکیے کے نیچے رکھ کر سوتے تھے جناب وزیر اعظم نے شاید حکمرانی کے ٹوٹکے سکھانے والی اس کتاب سے استفادہ نہیں کیا۔ ورنہ یوٹرن جیسے نان ایشو کو اس قدر اہمیت نہ دیتے۔ مغل شہنشاہ ہمایوں کو برصغیر سے بھگانے والے حکمران شیرشاہ سوری نے کہا تھا کہ اچھا حکمران اپنی ترجیحات کی چھان پھٹک مسلسل کرتا رہتا ہے۔ نہ جانے کس وقت کوئی اچھوتا خیال اس کی تقدیر بدل دے۔ معاملات کی ترتیب نو اور نظرثانی کوئی جرم نہیں۔ جناب وزیراعظم محض ری وزٹ ہی تو کر رہے ہیں، جس کا انہیں پورا حق ہے۔