آسٹریلیا نے بھارت کیخلاف آخری ٹی ٹونٹی میچ کیلئے مچل سٹارک کو طلب کر لیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا نے فاسٹ بائولر مچل سٹارک کو بھارت کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ کیلئے ٹیم میں طلب کر لیا، سٹارک کی دو برس بعد ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، انہوں نے آخری مرتبہ ستمبر 2016ء میں ٹی ٹونٹی میچ میں ملک کی نمائندگی کی تھی، انہیں فاسٹ بائولر بلی سٹین لیک کے متبادل کے طور پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، سٹین لیک بھارت کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ سے قبل فیلڈنگ پریکٹس کے دوران پائوں کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان آخری ٹی ٹونٹی میچ آج سڈنی میں کھیلا جائے گا اور کینگروز کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد سٹین لیک کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ آخری میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ سٹارک کو سکواڈ میں طلب کر لیا گیا ہے۔