پیرس: مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری، مظاہرین کا صدارتی محل پر دھاوا
پیرس(آئی این پی) فرانس میں ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف ہزاروں افراد کے مظاہر ے جاری ہیں، جبکہ ہاتھ میں گرنیڈ تھامے مشتعل شخص کو مظاہرین کے ہمراہ صدارتی محل میں گھسنے کی کوشش کے دوران حراست میں لے لیا گیا۔ فرانس میں تیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور لاکھوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ آپے سے مظاہرین کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں نفری تعینات کی گئی تھی۔ دارالحکومت پیرس میں مظاہرین میں شامل43 سالہ شخص نے ہاتھ میں گرنیڈ لے کر صدارتی محل میں داخل ہونے کی کوشش کی،جسے طویل مذاکرات کے بعد پولیس اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔ مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر قیمتوں میں اضافے کے بعد سے منظر عام سے غائب ہیں جس کے باعث عوام میں اشتعال مزید بڑھ گیا ہے اور اب صدر سے بات کیے بغیر مظاہروں کو ختم نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ فرانس میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا فیول ڈیزل ہے جس کی قیمت میں ایک سال کے دوران23 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے اور ڈیزل کی موجودہ قیمت گزشتہ18 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔