بھارتی خاتون صحافی گوری لنکش کے قتل کی منصوبہ بندی پانچ سال قبل ہوئی
نئی دہلی(صباح نیوز)گزشتہ سال قتل ہونے والی معروف بھارتی خاتون صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکش کے بارے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ ان کے قتل کی منصوبہ بندی پانچ سال قبل کی گئی تھی۔واضح رہے معروف بھارتی صحافی اور ادیبہ گوری لنکش کو گزشتہ برس 5 ستمبر کو بھارتی شہر بنگلورمیں ان کے گھر کے باہرگولی مارکرقتل کردیاگیا تھا۔وہ انسانی حقوق کے لیے کام کرتی تھیں اورحکمران بی جے پی کی سخت مخالف تھیں۔بھارتی ریاست کرناٹک کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے گوری لنکش کے قتل کے حوالے سے کی جانے والی تحقیقات کے بارے میں نو ہزار سے زائد صفحوں پر مشتمل چارج شیٹ تیار کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس چارج شیٹ میں اٹھارہ ملزمان کے نام آئے ہیں جن میں سے 16 کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو فرار ہیں۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے چارج شیٹ میں بھارت کی سرگرم انتہا پسند تنظیم سناتن سنستھا گروپ کے صحافی کے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ملزمان قتل سے پانچ سال قبل سے گوری لنکش کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ اس حوالے سے انہوں نے مختلف مقامات پر ملاقاتیں کیں ۔