شہبازشریف کا اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں سی ٹی سکین نوازشریف کو ملاقات کی اجازت
اسلام آباد (صباح نیوز+ آئی این پی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت مل گئی۔ وہ آج (پیر) کو اسلام آباد میں علیل بھائی سے ملیں گے۔ نواز شریف نے شہباز شریف کی صحت کے بارے میں اطلاعات سامنے آنے کے بعد بھائی سے ملنے کے لئے نیب کو باضابطہ درخواست کی تھی۔ نیب اعلامیے کے مطابق محمد نواز شریف کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دیدی گئی ہے۔ یاد رہے خرابی صحت کے باعث شہباز شریف انتہائی کمزور ہو گئے ہیں۔ ان کا وزن بھی پہلے سے کم دکھائی دیتا ہے۔ نواز شریف ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند ہیں اور آج اپنے بیمار بھائی سے اسلام آباد میں ملیں گے۔ آئی این پی کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا، تمام ٹیسٹ کے بعد شہباز شریف اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے اور رپورٹ آنے کے بعد میڈیکل بورڈ اپنی سفارشات پیش کرے گا۔ اتوار کو شہباز شریف کو نیب کی تحویل میں ہسپتال لایا گیا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔ ان کے خون کے نمونے لیے گئے اور سی ٹی سکین بھی کیا گیا۔ چار رکنی میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کا سی ٹی سکین کرانے کا مشورہ دیا تھا۔ میڈیکل بورڈ نے کینسر ماہرین پر مشتمل بڑا بورڈ بھی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ان کی اہلیہ تہمینہ درانی نے سب جیل اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق تہمینہ درانی نے شہباز شریف کی صحت سے متعلق پوچھا اور خیریت دریافت کی۔
شہباز شریف