کیا مسلم لیگ (ن) کے دور میں شہد کی نہریں بہتی تھیں: فیاض الحسن چوہان
لاہور (خبر نگار) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کیا مسلم لیگ ن کے دور میں شہد کی نہریں بہتی تھیں؟ اعتزاز احسن بزرگ ہیں لیکن وہ سیاسی و ذہنی طور پر ڈسٹرب ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت کے 100 دن پورے ہونے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔فیاض الحسن چوہان نے ن لیگ کی مریم اورنگزیب اور پی پی رہنما اعتزاز احسن کو اپنے انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے یہ 100 دن ان دونوں جماعتوں کے 50 ہزار دنوں سے بہتر ہیں، عوام کو خوشحالی،کفایت شعاری اور گڈ گورنس کی درست سمت نظر آرہی ہے۔انہوں نے ن لیگی رہنما سے استفسار کیا کہ مریم اورنگزیب بتائیں کیا ان کی حکومت میں عوام کو مرغ مسلم ملتا تھا؟ دریں اثناءالحمرا میں پنجاب یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ اور لمز کے باہمی اشتراک سے منعقدہ بین الاقوامی فلم میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی پرجوش قیادت میں نوجوانوں نے سیاسی جدوجہد میں ہر موقع پر پاکستان تحریک انصاف اور اپنے قائد کا قدم بہ قدم ساتھ نبھایا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ نوجوانوں کو بھی قومی دھارے میں لایا جائے۔ اس مقصد کے لئے وزیراعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ پنجاب میں پہلی بار نوجوانوں کے لئے ریفارمز پروگرام کا اجراءکیا جا رہا ہے۔ اس بین الاقوامی فلم میلے کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے الحمرا میں پنجاب یوتھ افیرز ڈیپارٹمنٹ اور لمز کے باہمی اشتراک سے منعقدہ بین الاقوامی فلم میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادب و ثقافت سے تعلق رکھنے والے نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں۔ جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سفیر ہو تے ہیں۔ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے نوجوان فنکاروں کی فلاح کے لیے بہت اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی ٹھوس نتائج کے حامل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ دور گیا جب میڈیا کے سامنے صرف ذاتی تشہیر کے لئے فنکاروں سے زبانی کلامی وعدے کیے جاتے تھے۔
فیاض چوہان