خوف، سفارش افسروں پر بے اثر، لوٹی گئی دولت واپس لائیں گے: چیئرمین نیب
اسلام آباد(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کوئی خوف، حمایت، ڈر، سفارش اور اثر و رسوخ نیب افسروں پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بھاگ جانے والوں کو نیب کسی صورت نہیں چھوڑے گا چاہے وہ دنیا کے کسی گوشے میں چلے جائیں ، ہمارے مفادات اور وفاداریاں پاکستان اور پاکستانی عوام سے ہیں، نیب ہر کام قانون کے مطابق کر رہا ہے وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات میں ملوث سی ڈی اے افسروں کے خلاف بھی مو¿ثر کارروائی کی جائے گی۔اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ جنہوں نے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ، ان کے پاس 1980ءمیں کچھ نہیں تھا لیکن آج وہ دبئی میں پلازوں کے مالک ہیں، ان کے پاس یہ رقم کہاں سے آئی۔ نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ انہوں نے غریب لوگوں سے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی لوٹی ہے۔ لوگوں کو نہ پلاٹ دیئے ہیں اور نہ ان کی رقوم واپس کی ہیں جس کے باعث وہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ لاہور، ملتان، کوئٹہ سمیت ملک بھر سے ہاﺅسنگ سوسائٹیوں سے 85 کروڑ روپے وصول کرکے متاثرین میں تقسیم کئے ہیں۔ لوٹی گئی دولت واپس لائیں گے اور غریبوں تک پہنچائیں گے ۔ نیب افسر قانون کے مطابق بد عنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فرض سمجھ کر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تاجر برادری کی شکایات کو فوری طور پر نمٹانے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی ڈیسک قائم کیاہے جہاں پر ڈائریکٹر/ڈپٹی ڈائریکٹر کا سطح کا افسر موجود ہے۔
چیئرمین نیب