• news

یو این چارٹرکے مطابق کشمیر کا فوری پرامن اور سیاسی حل ضروری ہے: سردار مسعود

مظفرآباد (صباح نیوز) ناروے کے سابق وزیراعظم کجیل مانگنے بونڈ ویک نے صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات کی اور ان سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجی قبضے سے پیدا ہونے والے سنگین بحران کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری اور ناروے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے مصائب اور مشکلات میں کمی آ سکے۔ انہوں نے ناروے کے سابق وزیراعظم کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور اس کے چارٹر کے تحت جموں و کشمیر کے تنازعہ کا فوری پرُ امن، سیاسی اور سفارتی حل نا گزیر ہے ۔ کیونکہ مسئلہ کشمیر علاقائی اور عالمی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سیاسی ، سفارتی اور مذاکراتی کوششوں کی حمایت کر تے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ فی الفور بند کرے ، مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین منسوخ کرے ، کشمیریوں کے پیدائشی حق حق خود ارادیت کا احترام کرے اور مسئلہ کشمیر کو فوجی طاقت کے بجائے پرُ امن سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کر نے کی جانب پیشرفت کرے۔

ای پیپر-دی نیشن