ملتان میٹرو منصوبہ تحقیقات‘نیب نے شہباز شریف کے احکامات پر مشتمل ریکارڈ طلب کرلیا
لاہور(صباح نیوز)نیب نے ملتان میٹرو بس منصوبے میں انکوائری کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے احکامات پر مشتمل سرکاری دستاویزات منگوانے کیلئے متعلقہ محکموں کو مراسلے بھجوا دیئے گئے۔نیب کے ملتان سرکل نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کو بھیجے گئے مراسلے میں ملتان میٹرو بس منصوبے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور میٹروبس منصوبے کے منظور کیے گئے پی سی ون کی دستاویزات بھی مانگ لی ہیں۔ملتان میٹرو بس منصوبے میں انکوائری کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے نیب نے فنڈز کی منظوری پر مشتمل سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ محکموں کو مراسلے بھجوائے ہیں۔ پی اینڈ ڈی بورڈ میں صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی اینڈ ڈی کو جاری مراسلے میں سابق وزیراعلی کے احکامات اور دیگر دستاویزات پر مشتمل ریکارڈ بھوانے کا کہا گیا ہے۔یاد رہے سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف پہلے ہی آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل میں نیب کی حراست میں ہیں اور ن لیگ کی بھرپور کوشش کے باوجود شہباز شریف کو پے در پے عدالتی ریمانڈز کے باعث مسلسل تفتیش کا سامنا ہے۔
ملتان میٹرو/ ریکارڈ