شرجیل خان کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے درخواست‘ سماعت نہ ہوسکی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے دائر درخواست کی سماعت بنچ کی عدم دستیابی کی وجہ سے نہ ہو سکی ۔سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ شرجیل خان کی درخواست میں پی سی بی، وزارت داخلہ اور ایف آئی جی کو فریق بنایا گیا ہے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے پی سی بی سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ درخواستگزار شرجیل خان کو سعودی عرب روانگی سے قبل کراچی ائیر پورٹ پر روکا گیا. درخواست گزار ایک بین الاقوامی کرکٹر ہے تاہم وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں شامل کررکھا ہے ،درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ای سی ایل میں نام شامل ہونے کی وجہ سے درخواست گزار عمرہ کرنے اور دبئی میں بھائی سے ملاقات نہیں کر سکا، شرجیل خان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت درخواست گزار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا جائے، تاہم بنچ کی عدم دستیابی کے باعث درخواست غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی