ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے کنگسٹن پیلس کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا
لندن (این این آئی)برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے کنگسٹن پیلس کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ۔برطانوی میڈیا کے مطابق ہیری اورمیگھن کے ولیم اورکیٹ سے اختلافات شدت اختیارکرگئے اور مجبوراً انہوں نے علیحدہ گھرمیں منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پچھلے کچھ عرصے سے یہ افواہیں کافی گردش کر رہی تھیں کہ کیٹ میڈلٹن اور میگھن مارکل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث دونوں بھائیوں شہزادہ ہیری اور ولیم کے درمیان بھی اختلافات ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔لیکن اب شہزادہ ولیم اور ہیری کے قریبی دوست نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیری اور میگھن نے کنگسٹن پیلس کو چھوڑ کر ونڈسر اسٹیٹ کاٹیج منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اور اس کی وجہ دونوں جوڑوں کے درمیان پیدا ہونے والی دڑار ہے۔کیٹ اور میگھن دوبہت مختلف خواتین ہیں، اور ان کے مختلف مزاج دونوں بھائیوں کے تعلقات پر بھی اثرانداز ہورہے تھے اسی لیے ہیری اور میگھن نے فروگمورکوٹیج شفٹ ہونے کا فیصلہ کیا۔ فروگمورکوٹیج میں شاہی جوڑے کی آمد کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ یہ دس کمروں کا گھر ہے جبکہ کنگسٹن پیلس میں ان دونوں کے استعمال میں صرف دو کمرے تھے۔ونڈسر اسٹیٹ کاٹیج کنگسٹن پیلس سے 32کلومیٹر کے فاصلے پر سینٹرل لندن میں واقع ہے۔ شاہی خاندان کے ایک بیان کے مطابق ونڈسر پیلس تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور شاہی جوڑا اپنی خوشی سے وہاں منتقل ہورہا ہے۔