• news

شاہ محمود سے ملاقات، پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں: سردار عتیق

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی۔ جس میں کشمیر پالیسی کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق بدلتے وقت کے تقاضوں اور جدید خطوط پر استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال، اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن کی کشمیر پر حالیہ رپورٹ، برطانوی ہائوس آف کامنز، آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ، یورپی پارلیمنٹ اور رابطہ عالم اسلامی کی رپورٹس پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ان رپورٹس کو پاکستان کے موقف اور کشمیری عوام کی قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کی اخلاقی فتح قرار دیا گیا۔ جاری بیان کے مطابق سردار عتیق احمد خان نے حکومت پاکستان اور وزیر خارجہ کی کشمیر کے حوالے سے جرات مندانہ موقف کی تعریف کی اور کہا کہ کشمیری عوام پاکستان بھارت تعلقات کے مخالف نہیں مگر مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرکے تعلقات قائم کرنے کی کوششیں ماضی میں کامیاب نہیں ہوئیں نہ آئندہ ایسی کوشش کامیاب ہوسکتی ہے۔ سردار عتیق احمد نے کہا بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیوجہ سے بین الاقوامی دبائو ہے اور یہ دبائو بھارت کو پاکستان کے ساتھ تعلقات بحال کرنے پر مجبور کررہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوچکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن