• news

پاکستان کی کارکردگی شاندار ‘تیسرے ٹیسٹ میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا:سابق کرکٹرز

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)سابق کرکٹرز نے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی پر قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی ہے، توقع ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم جیت کے اس تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کریگی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس نے کہاکہ پاکستان کو یہ ٹیسٹ میچ جیتنا بہت ضروری تھا ۔قومی ٹیم نے دوسرے میچ میں جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے توقع ہے کہ وہ آئندہ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کریگی۔ یاسر شاہ نے بلے بازوں کو کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔سابق کپتان جاوید میانداد نے کہاکہ پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پہلی اننگز میں جب ٹیم زیادہ سکور کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو دوسری ٹیم پر پریشر بڑھ جاتا ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم اس کنڈیشن میں پاکستان سے زیادہ اچھا نہیں کھیل سکتی اور یہ کنڈیشن پاکستان کے سپنرز کیلئے سازگار ہے۔ یاسر شاہ، بابر اعظم اور حارث سہیل کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔تیسرے میچ میں کانٹے کا مقابلہ کی توقع ہے ۔ سابق کپتان مصباح الحق نے دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ کو دونوں ٹیموں میں فرق قرار دیدیااور کہا کہ دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی شاندار بائولنگ نے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کے اعصاب پر وہ سوار ہوچکے۔ اس نفسیاتی برتری کا فائدہ اگلے ٹیسٹ میں بھی ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن