• news

حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے بے حد سنجیدہ ہے: رائے تیمور خان بھٹی

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے بے حد سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے تمام شہریوں کو کھیل کی بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ملک میں موجود ٹیلنٹ کو بھی متعارف کروایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیراہتمام سپورٹس گالاکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبد المنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کھیل کے فروغ کے لئے طلبہ کی جونیئر لیول سے ہی تربیت کا عمل شروع کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج یونیک گروپ کے طلبہ مختلف کھیلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خاں نے کہا کہ کھیل سے نہ صرف طلبہ کی جسمانی نشوونماء کی جا سکتی ہے بلکہ اس سے طلبہ میں سپورٹس مین سپرٹ کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے ۔ چیئرپرسن یونیک گروپ سعدیہ خرم ، ڈائریکٹر ایڈمن پروفیسر جہانزیب انور ملک ، ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر وسیم انور چوہدری کے علاوہ مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن