مالم جبہ لیز سکینڈل، نیب ٹیم نے پرویز خٹک کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی
اسلام آباد (نا مہ نگار) قومی احتساب بیورو(نیب) کی تفتیشی ٹیم نے وزیر دفاع پرویز خٹک کے خلاف مالم جبہ لیز سکینڈل کی تحقیقات کے بعد ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب نے مالم جبہ کیس کی تحقیقات مکمل کر لی ہے جس میں ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں، تفتیشی ٹیم نے سفارش کی ہے کہ موجودہ وزیر دفاع اور سابق وزیرِاعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریفرنس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو شریک ملزم بنایا جائے، نیب ایگزیکٹو بورڈ ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے گا۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میںتحریک انصاف کے دور حکومت میں مالم جبہ میں محکمہ جنگلات کی 275ایکڑ اراضی کی غیر قانونی لیز کے میگا سیکنڈل منظر عام پر آیا تھا،جس میں سیاسی شخصیات اور بیوروکریسی نے مل کر محکمہ جنگلات کی پروٹیکٹڈ اراضی 33سالہ لیز پر قواعد و ضوابط کے برعکس نجی کمپنی سیمسنز کو ہوٹل چیئر لفٹ اور سکیننگ کیلئے الاٹ کی ،قواعد و ضوابط کے تحت ہوٹل کیلئے 5ایکڑ اور چیئرلفٹ کیلئے 12ایکڑ اراضی لیز پر دی جانا تھی،یہ لیز فارسٹ آرڈیننس 2002 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 258ایکڑ اراضی بھی لیز معاہد ے میں ڈال دی گئی حالانکہ قانون کے مطابق جنگلات کی اراضی کسی بھی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کی جا سکتی ،وزیر اعلی نے 15سالہ لیز کے قانون میں نرمی کرکے اسے 33سالہ اور 20سال مزید توسیع کی منظوری دی تھی۔
مالم جبہ ریفرنس