چاولہ سے مصافحہ بھارتی میڈیا میں طوفان تنگ نظری ہے آرمی چیف سب سے ملے فوجی ترجمان
اسلام آباد، نئی دہلی (سٹاف رپورٹر، آئی این پی)بھارتی میڈیا نے کرتارپور کوریڈور کے افتتاح کو پاکستان کی جانب سے سکھ کمیونٹی کے جذبات کو مشتعل کرنے کا بہانہ قراردےدیا۔ کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کے عمل کا خیرمقدم کرنے کی بجائے بھارتی میڈیا نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے اپنے مضمون میں کہا کہ پاکستان کرتارپور کوریڈور کو خالصتان کی تحریک کےلئے استعمال کرنا چاہتا ہے، ایسا امکان موجود ہے کہ یہ کوریڈور سکھوں کے جذبات کو مشتعل کرے گااور خالصتان کی تحریک کو ہوا دینے کا باعث بنے گا۔ اخبار نے الزام عائد کیا کہ پاکستان خالصتان کی تحریک کو ہوا دیتا آیا ہے۔ پاکستان میں متعدد گوردوارے خالصتان کی تحریک کو ہوا دینے کےلئے استعمال ہو رہے ہیں اور اس حوالے سے گوردواروں میں پمفلٹس بھی پائے گئے ہیں جن میں سکھ کمیونٹی کو 2020میں خالصتان کےلئے ریفرنڈم کرنے پر اکسایا گیا ہے۔دوسری طرف ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ گوپال چاولہ کی آرمی چیف کی دور سے تصویر دکھانا تنگ نظری ہے۔ آرمی چیف تقریب میں تمام مہمانوں سے بلاشناخت ملے۔ امن کیلئے ہماری پہل کو پراپیگنڈا نہ بنائیں۔ پاکستان بھارت کڑواہٹ مٹانے کیلئے راہداری بن رہی ہے۔
آصف غفور