جنیوا : اشرف غنی نے طالبان سے مذاکرات کیلئے کمشن بنانے کا اعلان کر دیا
جنیوا (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان کے ساتھ براہ راست امن مذاکرات کرنے کیلئے ایک بارہ رکنی کمشن بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں خواتین کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ جنیوا میں افغانستان کے بارے میں ہونیوالی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں بدھ کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف غنی نے اس کمشن کی تشکیل کا اعلان کیا۔ کمشن کی سربراہی صدارتی چیف آف سٹاف عبدالسلام رحیمی کریں گے۔ اس کمشن کی تشکیل کے اعلان کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر غنی نے ان بنیادی اصولوں کی بھی وضاحت کی جن کی بنیاد پر طالبان سے براہ راست مذاکرات کئے جائیں گے۔ ان میں افغانستان کے آئین کی پاسداری اور ملک کے اندرونی معاملات سے غیرملکی دہشت گرد تنظیموں اور گروہوں کو دور رکھنے کی بات بھی کی گئی ہے۔ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے چیف انتونیو گوئترس اور نائب سیکرٹری جنرل روزمیری آے ڈیکارلو کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ طالبان اور افغانستان حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات کا یہ نادر موقع ہے۔ ادھر کانفرنس کے دوران یورپی یونین نے افغانستان کو مزید 535 ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اشرف غنی نے کانفرنس سے سرمایہ کاری کی اپیل کی ہے۔
کمشن/اعلان