تعلیم پر خرچ کرنیوالا ملک ترقی کرتا ہے‘ سڑکوں کی بجائے یونیورسٹیوں کا افتتاح کرونگا : وزیراعظم
اسلام آباد‘سیالکوٹ (خبرنگار+این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ ملک ترقی کرتا ہے جو تعلیم پر خرچ کرے، امریکہ کے سپر پاور بننے کے پیچھے تعلیم کا اہم کردار ہے،امریکا نے 20 سال میں پوری دنیا کو پیچھے چھوڑا کیونکہ وہاں کی یونیورسٹیوں نے گریجویٹ پیدا کرنا شروع کیے۔ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سنگاپور کی 30 لاکھ کی آبادی کی برآمدات 330 ارب ڈالر کے برابر ہے،21کروڑ آبادی کے پاکستان کی برآمدات مشکل سے 24 ارب ڈالر ہے، سنگاپور کی ایک یونیورسٹی کا بجٹ ہماری تمام یونیورسٹیوں سے زیادہ ہے۔ برآمدات میں اس فرق کی وجہ سنگاپور میں تعلیم پر توجہ دینا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قومیں وہ آگے بڑھتی ہیں جو انسانوں پر سرمایہ کاری کرتی ہیں،جتنا زیادہ پیسا تعلیم پر خرچ ہوگا قوم آگے جائے گی۔ آئی ٹی میں نئی چیزیں آرہی ہیں،مصنوعی ذہانت آگے بڑھ رہی ہے اوردنیا کو بدل رہی ہے، پاکستانیوں کو اعلیٰ تعلیم میں آئی ٹی کی طرف لے کرجانا ہے۔ اس وقت ہمارا بڑا مسئلہ تیزی سے بڑھتی آبادی ہے، اس آبادی کو تعلیم اورآئی ٹی کی طرف لے جائیں تو یہی آبادی ہماری طاقت بن سکتی ہے۔ ماضی میں تعلیم پر سرمایہ کاری نہیں کی گئی نہ ہی ملک میں معیاری یونیورسٹیاں نہیں ہیں سڑکوں کی بجائے یونیورسٹیوں کا افتتاح کروں گا نوجوان ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔ تعلیم پر سب سے زیادہ سرمایہ خرچ کرینگے اور ہائرایجوکیشن پر زیادہ توجہ دینگے آئندہ کوئی وائس چانسلر وسائل کا شکوہ نہیں کرے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی، سٹیٹ آفس نیشنل ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن، دیگر اداروں کے اور سرکاری رہائش گاہوں سے غیر قانونی قبضہ چھڑانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے گلگت بلتستان کوعبوری صوبہ بنانے کی منظوری دے دی۔ اصلاحات کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو میں عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کےلئے دوستانہ ماحول فراہم کررہی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ غیرملکی مشروب کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے پاکستان میں اربوں ڈالرسرمایہ کاری کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے بتایا کہ 5 سال میں 1 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری پاکستان میں کریں گے۔ عمران نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں روزگارکے مواقع بڑھیں گے۔
وزیراعظم