قومی ٹیم کی سابق کپتان بسمعہ معروف رشتہ ازدواج میں منسلک
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف بھی ازدواجی رشتے میں بندھ گئیں۔ لاہور میں منعقدہ شادی کی پروقار تقریب میں اہلخانہ، عزیز و اقارب سمیت ساتھی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف پیا گھر سدھار گئیں۔ شادی کی تقریب لاہور کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔بسمہ کے کزن اور شوہر ابرار احمد نے حال ہی میں سافٹ وئیر انجینئرنگ مکمل کی ہے۔دولہا دلہن اپنی شادی کے موقع پر انتہائی خوش دکھائی دیئے۔تقریب کو چار چاند لگانے ساتھی خواتین کرکٹرز بھی شریک ہوئیں اور دونوں میاں بیوی کو مبارکباد دی۔ شریک افراد نے خوبصورت لمحات کی تصاویر بنوائیں۔ ساتھی کرکٹرز نے ان یادگار لمحات کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں، جو اب بہت زیادہ وائرل ہوچکی ہیں۔بسمہ معروف کے ولیمے کی تقریب کا اہتمام فیصل آباد میں کیا گیا ہے جہاں اہم شخصیات تقریب میں شرکت کریں گی۔بسمعہ معروف 98 ایک روزہ اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں، وہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئِے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں حصہ لینے کے بعد وطن پہنچی ہیں۔