جمہوریت کو کمزور دیکھنے والی سوچ کے سامنے رکاوٹ بنیں گے : زرداری
اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) پیپلزپارٹی آج 51واں یوم تاسیس منائے گی۔ آصف علی زرداری نے مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفہ پر ثابت قدم رہتے ہوئے استحصالی قوتوں کو شکست دینے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک نظریئے کا نام ہے اس نظریئے سے سرشار قیادت اور کارکن ظلم اور ناانصافیوں کے خلاف تاریخی جدوجہد کرتے ہوئے اور بے مثال قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔ آصف زرداری نے آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ عوام کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے اصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور اس سوچ کے سامنے رکاوٹ بنے رہیں گے جو جمہوریت اور پارلیمنٹ کو کمزور دیکھنا چاہتی ہے۔پیپلز پارٹی نے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال اور پارلیمنٹ کو بااختیار بناکر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کی۔ پیپلز پارٹی نے صوبوں کو خود مختاری دیکر قائد عوام کا وعدہ پورا کیا۔ پیپلز پارٹی نے پختونوں کو شناخت اور گلگت بلتستان کے عوام کو اپنا صوبہ دیا۔ پیپلز پارٹی نے آغاز حقوق بلوچستان کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھ کر ان سے ماضی میں کی جانے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا۔ انہوں نے آصف زرداری اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھوک بیروزگاری عدم برداشت اور استحصالی سوچ کو شکست دیکر سماجی انصاف، ترقی، روشنی کے معاشرے کو قائم کریگی اور محترمہ بینظیر بھٹو کے ہر خواب کی تعبیر کریگی۔بلاول سکھر میں جلسے سے خطاب کرینگے۔ پی پی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے سرگرمیاں تیز کرے گی، بلاول پنجاب میں متحرک ہو گئے۔
زرداری