پاکستان اور روس نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو سٹرٹیجک شراکت داری کی سطح پر فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور روس نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو سٹرٹیجک شراکت داری کی سطح پر فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلہ میں روس کے سفیر الیکسی ڈیڈوف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، امن و امان و دفاعی تعاون میں اضافے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیرخارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے روس کی مثبت کاوشوں کو سراہا۔ روس کے سفیر نے کثرالجہتی شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی این پی/ آن لائن کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا دونوں ممالک نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستان/روس