نیا صوبہ بنانا آسان نہیں چینی قونصل خانے پر حملے میں بھارت ملوث ہو سکتا ہے : صدر
کراچی (این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے 100روزہ پلان یہ نہیں تھا کہ فوری تبدیلی آ جائے گی، اہم معاملات کی وجہ سے جنوبی پنجاب صوبے پر بات آگے نہیں بڑھ سکی، پاکستان کے مثبت اقدام پر بھارتی رویہ مایوس کن ہے، بھارت اوپر سے کچھ اور اندرسے کچھ اور ہے، 20سال ہوگئے، بھارتی رویے میں تبدیلی نہیں آئی، بھارت میں عوام کی اکثریت میں مسلم منافرت پائی جاتی ہے،کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد اہم قدم ہے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا جو کام اسرائیل نے فلسطین کے ساتھ کیا، بھارت وہی پاکستان سے کر رہا ہے، کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے میں بھارت بھی ملوث ہوسکتا ہے، بھارت کا بلوچستان میں انتشار پھیلانے میں بھی ہاتھ رہا ہے، کلبھوشن کو پاکستانی عدالتی نظام سے گزار کر سزائے موت تک پہنچانا چاہیے، میرے پاس کلبھوشن کی رحم کی اپیل آئی تو حکومت جو مشورہ دے گی، وہ کروں گا۔ انہوں نے کہا پاکستانی سیاست میں مودی کا یار جیسے نعرے عوام میں جلدی مقبول ہوتے ہیں، ہماری حکومت بھارت سے امن کےلئے بیتاب ہے، کرتار پور کے معاملے پرپاکستان نے بہت اچھا اقدام کیا۔ ایک سوال پر صدر مملکت نے کہا کہ وہ حکومت کو 10میں سے9نمبر دیں گے، نیا صوبہ بنانا آسان کام نہیں، امید ہے حکومت کے آدھے دور تک نیا صوبہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا ممکن ہے عمران خان کی پرویز الہی کے بارے میں رائے اب تبدیل ہوگئی ہو، خواہش تھی پارلیمنٹ لاجز میں رہوں، مگر سپیکر نے کہا ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا زرداری صاحب سے متعلق جو میری پارٹی کا موقف ہے وہی میرا ہے، زرداری صاحب کے زمانے کی طرح اب ایوان صدر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز نہیں، زرداری صاحب نے58ٹو بی کا خاتمہ کرکے اچھا کام کیا، اٹھارویں ترمیم کی کچھ چیزوں کو بہتر بنانے میں کوئی حرج نہیں۔ پی ٹی وی پر جس نے بھی حملہ کیا غلط کیا، اسے سزا دینی چاہیے۔
صدر / انٹرویو