• news

ردھم واپس آگیا، تیسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرینگے : یاسر شاہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ اور پہلی اننگز میں بڑا سکور میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق ثابت ہوا۔پاکستانی سپنر نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 8 اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لیتے ہوئے مجموعی طور پر 184رنز کے عوض 14وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت پاکستان نے میچ میں مہمان ٹیم کو اننگز اور 16رنز سے شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی باؤلنگ کی لیکن ردھم حاصل نہیں کر پا رہا تھا جس کے بعد میں نے اپنی باؤلنگ پر کام کرتے ہوئے اہداف مقرر کیے اور اللہ کا شکر ہے کہ میرا ردھم واپس آ گیا۔ دبئی کی وکٹ پر گیند پہلے ہی دن سے ٹرن کر رہا تھا اور اس پر بیٹنگ کرنا مشکل تھا لیکن ہمارے بلے بازوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اچھا مجموعہ ترتیب دیا اور پہلی اننگز میں ہمارا سکور ہی میچ میں سب سے بڑا فرق ثابت ہوا۔ ماضی کے مقابلے میں اب دبئی کی وکٹ میں کافی تبدیلی رونما ہوچکی ہے کیونکہ پہلے وکٹ تین دن تک سخت رہتی تھی اور گیند کھیل کے تیسرے یا چوتھے روز جا کر سپن ہونا شروع ہوتی تھی لیکن اب یہاں کی وکٹ پر گیند پہلے دن سے ہی ٹرن ہوتی ہے جس کی وجہ سے تیسرے دن سے وکٹ سلو ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بارش سے وکٹ میں نمی آگئی جس سے ہمیں مدد ملی۔ہماری کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کریں اور میں نے ایک لائن و لینتھ پر باؤلنگ کی جس کا اللہ تعالیٰ نے صلہ دیا اور مجھے کامیابی ملی۔انہوں نے اپنی یہ شاندار کارکردگی اپنی والدہ کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پوری ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اپنی اسی کارکردگی کو برقرار رکھیں اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کراتے ہوئے سیریز اپنے نام کریں جس سے ہماری رینکنگ بھی بہتر ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن