• news

فاسٹ بائولر محمد عباس زخمی،نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ سے باہر

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستانی فاسٹ باؤلر اور باؤلنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے محمد عباس انجری کا شکار ہو کر ٹیم سے باہر ہوگئے۔ فاسٹ باؤلر کو گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے دوران کندھے کی تکلیف کا احساس ہوا جس کی وجہ سے انہوں نے پریکٹس سیشن میں مکمل طور پر حصہ نہیں لیا۔محمد عباس نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی دوائیں لینے کے بعد میچ کا حصہ بن سکے تھے، تاہم اب انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔پاکستان کی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ محمد عباس 3 سے 4 ہفتوں تک آرام کریں گے، اور انہیں جنوبی افریقہ کے دورے سے قبل کھلانے کا رسک نہیں لیا جارہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان فٹ محمد عباس کی جگہ 19 سالہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دیے جانے کے امکانات ہیں۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری سیریز میں محمد عباس 4 اننگز میں سے تین اننگز کے دوران وکٹ لینے سے محروم رہے ہیں۔محمد عباس کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 12 اوورز کرائے جن میں 13 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں وکٹیں لینے کے بعد اگلی 3 اننگز میں مجموعی طور پر 36 اوورز کرائے اور 78 رنز دیے لیکن ان کے حصے میں ایک بھی وکٹ نہیں آئی۔نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے آخری 6 ٹیسٹ اننگز میں 66 رنز بنانے والے اوپنر محمد حفیظ اور آف اسپنر بلال آصف کو ایک اور موقع دیا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہے اور اگلا میچز سیریز کا فیصلہ کن میچ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن