• news

پٹرول‘ ڈیزل 2 مٹی کا تیل 3 روپے لٹر سستا....

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے ماہ دسمبر کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب دودو روپے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں تین جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کردی گئی ہے، وزےر خزانہ اسد عمرنے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کوزیادہ سے زیادہ سہولیات اورآسانیاں فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں، پیٹرولیم ڈولپمنٹ لیوی کی شرح میں بھی کمی کی گئی ہے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں مئی کے مہینے میں ڈیزل پر سیلز ٹیکس 27.5 فیصد جبکہ پٹرول پر 15 فیصد تھا، جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی تو ہم نے ڈیزل اور پٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح میں واضح کمی کی، اگست کے آخر میں عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں، اکتوبر میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، اس دوران ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاﺅ کے باوجود ہم نے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، ہمیں ٹیکس ریٹ میں کمی کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے مہینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جتنا اضافہ کرنا چاہئے تھا ہم نے اس کا نصف کیا۔ انہوں نے کہا کہ جتنا ہو سکتا ہے حکومت عام صارف پر زیادہ بوجھ ڈالنے سے گریز کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کیلئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 2، 2 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کر دی گئی ہے، قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی 10 روپے سے کم کرکے 6 روپے 15 پیسے اور ڈیزل پر لیوی 8 روپے سے کم کرکے 6.56 روپے کر دی گئی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں برقرار رہیں تو اگلے مہینے عوام کو بڑا ریلیف دیں گے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول اب 95.83 روپے لٹر، ڈیزل 110.94 روپے لٹر فروخت ہوگا۔
پٹرول

ای پیپر-دی نیشن