پاکپتن دربار اراضی ازخود نوٹس، پرسوں سماعت، نوازشریف کو بھی طلبی کا نوٹس
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت نیوز) نواز شریف مریم نواز شریف سمیت دیگر اہل خانہ شہباز شریف سے آج اتوار کو ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے آج ملاقات کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ ملاقات میں نیب کیسز، سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات سمیت دیگر امور پر گفتگو کی جائیگی۔ دوسری جانب نیب حکام شہباز شریف کے میڈیکل چیک اپ کے معاملے پر 3 روز گزرنے کے باوجود ابھی تک میڈیکل بورڈ تشکیل نہیں دیا جاسکا، تین دن گزر گئے مگر نیب حکام ڈاکٹرز نہ ڈھونڈ سکے جبکہ نیب عدالت نے شہبازشریف کو تمام میڈیکل سہولیات فراہم کرنے اور انکی میڈیکل رپورٹس چیک کروانے کا حکم دیا تھا۔ واضح رہے نیب حکام نے عدالت میں بیان دیا کہ میاں شہبازشریف کو شیخ زید ہسپتال کے ڈاکٹرز کو چیک کروائیں گے مگر ابھی تک انکا مکمل طبی معائنہ نہیں کرایا گیا۔ دوسری طرف سپریم کورٹ نے پاکپتن دربار اراضی سے متعلق ازخود نوٹس سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔ کیس میں نوازشریف کو 4 دسمبر کو طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ منگل کو سماعت کریگا جبکہ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الااحسن تین رکنی بنچ میں شامل ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سماعت پر عدالت نے نوازشریف کا جواب مسترد کردیا تھا اور سابق وزیراعظم نوازشریف کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
شہباز شریف/ ملاقات