• news

دورہ جنوبی افریقہ: 2 وکٹ کیپرز بھیجنے کا فیصلہ، محمد عامر کی واپسی کا امکان

لاہور(نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈنے دورہ جنوبی افریقہ میں قومی ٹیم کے ساتھ دو وکٹ کیپرز بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں قواعد کے تحت 15 رکنی ٹیم نے جانا ہے تاہم چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی طرف سے ایک اضافی کھلاڑی کی شمولیت کی اجازت ملنے کی صورت میں رضوان 16ویں کھلاڑی کے طورپر ٹیم میں شامل کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی رضوان کی شمولیت پر مثبت ردعمل کا اظہار کیاہے۔ سلیکٹرز محمد رضوان کی قومی اے ٹیم کی جانب سے بیٹنگ اور وکٹوں کے پیچھے کارکردگی سے بہت خوش ہیں، وہ اب تک 649 رنز کے ساتھ 20 کیچز بھی وکٹوں کے پیچھے پکڑ چکے ہیں۔ محمد رضوان کی فٹنس بھی بہت متاثر کن ہے، جس پر تمام سلیکٹرز انہیں ایک بارپھر ملک کی نمائندگی کا موقع دینے کے حق میں ہیں۔پاکستانی ٹیم نے دورہ جنوبی افریقہ میں ایک تین روزہ پریکٹس میچ ، تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز کے لیے فاسٹ بائولر محمد عامر کی واپسی کا امکان ہے جبکہ محمد عباس کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ٹیم کی تشکیل پر مشاورت کا آغاز کردیاہے، ٹیم کا باقاعدہ اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق محمد عامر کو بلال آصف کی جگہ اس اہم ٹور کے لیے موقع دینے پر غور کیا جارہا ہے۔شان مسعود کو تیسرے اوپنر کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ بنایا جارہاہے، ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم،حارث سہیل اور اظہر علی اپنی جگہ برقر ار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔ سعد علی، حسن علی، میرحمزہ، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، اسد شفیق اور یاسر شاہ بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔محمد عباس کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی تاہم سلیکٹرز کو یقین ہے کہ محمد عباس فٹنس مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی، پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شیڈول ہے، اس سے پہلے 19 دسمبر کو پریکٹس میچ رکھا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن