قوم کا وقت ضائع کیا جا رہا، حکمران پالیسی سا زی میں ناکام ہوچکے: غفور حیدری
اسلام آباد (صباح نیوز) قوم کا وقت ضائع کیا جارہا ہے ، حکمران معاشی معاشرتی اور سیاسی پالیسیاں بنانے میں ناکام ، ملک کو مسخریوں کے رحم کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ مظفر گڑھ میں جنوبی پنجاب کی تاریخ ساز ملین مارچ کا انعقاد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے گزشتہ روز پنجاب کے جنوبی اضلاع کے دورے کے بعد اسلام آباد واپس پہنچنے پر جاری بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ملک کو معاشی پالیسی دینے میں ناکام ہوچکے ہیں حکومت ہنسی مذاق میں قوم کا وقت ضائع کررہی ہے جبکہ ملک دیوالیہ پن کی طرف جارہا ہے قوم کو کس چیز کی طرف لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مداریوں اور مسخروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ انہوں نے کہا مظفر گڑھ میں جنوبی پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ملین مارچ کرنے جارہے ہیں۔