ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے عراق میں ایرانی قاتل دندنانے لگے
لندن(این این آئی)برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے اپنے ناقدین کو ہمیشہ کے لیے خاموش کرانے کے لیے عراق میں بڑی تعداد میں اپنے ٹارگٹ کلر پھیلا دئیے ہیں جو ایران پر تنقید کرنے والوں کو ہمیشہ کے لیے خاموش کردیتے ہیں۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عراق میں ایران کے ڈیٹھ اسکواڈ اب تک ایسی کئی ٹارگٹ کلنگ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں جن میں ایران کے مخالفین کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا۔عراق میں ایرانی گماشتوں کے قاتلانہ حملے کا تازہ شکار سابق وزیراعظم حیدر العبادی کے مقرب عادل شاکر التمیمی بنے ہیں۔ اس کے علاوہ مقتدیٰ الصدر کے قریب شوقی الحداد کو بھی ایرانی قاتلوں نے موت کے گھاٹ اتارا۔عراق میں ایران کے ڈیتھ اسکواڈ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم القدس ملیشیا کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی زیر نگرانی کام کرتے ہیں۔ جنرل سلیمانی ہی انہیں عراق میں تعینات کرنے کے ذمہ دار ہیں۔رپورٹ کے مطابق عراق میں ایران مخالف شخصیات کو نشانہ بنانے کے لیے قاتل ایجنٹ مئی میں عراق میں ہونے والے انتخابات کے بعد پھیلائے گئے۔